11 اکتوبر 2012
وقت اشاعت: 16:21
کراچی:فائرنگ کے واقعات میں 4ہلاک،ڈکیتی کی کوشش ناکام
اے آر وائی - کراچی میں فائرنگ کے مختلف واقعات میں پولیس اہلکار سمیت 4 افراد جاں بحق جبکہ 8 افراد زخمی ہو گئے۔ پولیس نے نیوسبزی منڈی کے قریب بینک ڈکیتی کی کوشش ناکام بنا دی۔مقابلے کے بعد ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار۔
پولیس کے مطابق نیٹی جیٹی پل کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے اٹھائیس سالہ فیضان زندگی کی بازی ہار گیا۔پیر آباد تھانے کی حدود منگھوپیر کنواری کالونی میں نامعلوم موٹر سائیکل سوارنے پولیس کے اے ایس آئی شاجہان کو فائرنگ کرکے قتل کردیا،مقتول کی لاش کو ضابطے کی کارروائی کیلئے اسپتال منتقل کردیا گیا، گھگھر پھاٹک کے قریب فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔
فائرنگ کا ایک واقعہ نیشنل ہائی وے پر بھی پیش آیا جہاں نامعلوم افراد نے آئل ٹینکرز پر فائرنگ کردی،رہنما آئل ٹینکرزایسو سی ایشن بختاور کے مطابق فائرنگ کے واقعے میں ان کے چار افراد زخمی ہوئے۔لیاری کھڈا مارکیٹ ،موسیٰ لین اور نیپئر روڈ کھجور مارکیٹ کے قریب فائرنگ سے تین افراد زخمی ہوئے۔صدر رینبو سینٹر کے قریب ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیا۔
اسپتال ذرائع کے مطابق گلشن حدید کے علاقے میں نامعلوم افرادنے ایک دکان پرفائرنگ کردی جسکے نتیجے میں سجادنامی شخص شدیدزخمی ہوگیاتاہم کئی گھنٹے زندگی اورموت کی کشمکش میں رہنے کے بعد دوران علاج چل بسا۔
دوسری جانب پولیس نے نیو سبزی منڈی کے قریب بنک ڈکیتی کی کوشش ناکام بنا دی،پولیس نے نجی بینک کے باہر مقابلے کے بعد ایک ڈاکو نور محمد کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا جبکہ اس کے دیگر دو ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نور محمد ڈکیتی کی کئی وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھا۔ملزم کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔پولیس فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے ماررہی ہے۔