12 اکتوبر 2012
وقت اشاعت: 11:49
کراچی میں فائرنگ ، چار افراد جاں بحق اور سات افراد زخمی
اے آر وائی - کراچی میں فائرنگ کے تازہ واقعات میں چار افراد جاں بحق اور سات افراد زخمی ہوگئے،قانون نافذ کرنے والے اداروں نے گلستان جوہر سے سنگین جرائم میں ملوث تین ملزمان کوگرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق رات گئے گلزار ہجری میں دو گروپوں میں تصادم کے دوران دو افراد جاں بحق اور چار زخمی ہوگئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں ادریس اور احمد شامل ہیں۔ زخمیوں کو جناح اسپتال منتقل کردیا گیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے۔
نارتھ کراچی پاور ہاوٴس کے قریب بھی فائرنگ کے واقعے میں اعجاز نامی شخص جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا۔واقعے کے بعد علاقے میں کشیدگی پھیل گئی اور مشتعل افراد نے کاروبار بند کروا دیا۔
کھارادر میں فائرنگ کے واقعے میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔لانڈھی فیوچر موڑ اور قائدآباد پل کے قریب ٹینکر میں فائرنگ کے دو مختلف واقعات میں دو افراد زخمی ہوگئے۔
دوسری جانب قانون نافذ کرنے والے اداروں نے گلستان جوہر میں کارروائی کرتے ہوئے سنگین جرائم میں ملوث تین ملزمان کوگرفتار کرلیا۔