12 اکتوبر 2012
وقت اشاعت: 15:10
باپ نے چھ سالہ بیٹی کو زنجیروں سے باندھ دیا
اے آر وائی - لاڑکانہ کے نواحی علاقے غلام بھٹو میں سنگ دل باپ نے چھ سالہ بیٹی مہرالنسا کو زنجیروں سے باندھ دیا تھا، صحافی کی نشاندہی پر پولیس نے بچی کو آزاد کرواکے باپ کو گرفتار کرلیا ہے۔
حیدری پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ او نے بچی کے باپ اور ماں سے پوچھ گچھ شروع کردی ہے ۔بچی کا باپ پولیس کی حراست میں ہے۔ اے ایس پی ابرار حسین تحقیقاتی ٹیم کے سربراہ ہیں۔ بچی کے جسم پر تشدد کے نشانات واضح ہیں۔
بچی کے مطابق اس کے ماں اور باپ تار کاٹنے والے پلاس سے اس کے جسم کو اذیت دیتے تھے۔ اس معصوم بچی نے ماں باپ کے وحشیانہ تشدد کی وجہ سے ان کے ساتھ جانے سے انکار کردیا ہے۔
پولیس لڑکی کو دارالامان یا ایدھی سینٹر پہنچانے پر غور کررہی ہے۔ بچی کو پولیس کی نااہلی کی وجہ سے 12گھنٹے گزرنے کے باوجود طبی معائنے کے لئے نہیں بھیجا گیا جبکہ بچی کا کہنا ہے کہ اس کے ماں باپ کا ذہنی توازن درست نہیں ہے۔
بچی کے باپ جان محمد بھٹو نے بچی کو زنجیروں سے باندھنے کا ابتدائی طور پر اعتراف کیا ہے اور دوسری جانب سے بچی کی ماں صنم بھٹو نے بھی اعتراف کیا ہے کہ وہ میرا کہنا نہیں مانتی تھی اور گھر سے بھاگ جاتی تھی۔ پولیس کا تحقیقاتی رویہ انتہائی سست روی کا شکار ہے۔