12 اکتوبر 2012
وقت اشاعت: 22:12
ثابت کرینگے کہ سندھ کے عوام پیپلزپارٹی کےساتھ ہیں،شرجیل میمن
اے آر وائی - صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل میمن نے کہا ہے کہ سندھ کے باشندوں کو لڑانے کی سازش میں شریف برادران ملوث ہیں اور پنجاب حکومت اس کے لئے فنڈز فراہم کررہی ہے ۔
اپنے دفتر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کیخلاف منفی پروپیگنڈا کیا جارہا ہے اور پیپلزپارٹی مخالفت قوتیں ایک جگہ جمع ہورہی ہیں، پیپلزپارٹی کے ارکان خوفزدہ نہیں، ہماری شرافت کو کمزوری نہ سمجھا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ پندرہ اکتوبر کو حیدرآباد کے جلسے میں بھرپور عوامی قوت کا مظاہرہ کرکے ثابت کرینگے کہ سندھ کی عوام پیپلزپارٹی کے ساتھ ہے ۔
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ کچھ سازشی عناصر پیپلزپارٹی کے جلسے کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی کو نئے بلدیاتی نظام پر اعتراضات ہیں تو ہم ان کے گھر جاکر تجاویز لینے کےلئے تیار ہیں جو لوگ الزام تراشی کررہے ہیں وہ پارلیمنٹ میں اکثریت لائیں اور جو ترامیم کراسکتے ہیں کرالیں، یہ حقیقت ہے کہ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ سندھ کے حق اور سندھ کے ایک ایک انچ کی حفاظت کی ہے ۔