13 اکتوبر 2012
وقت اشاعت: 11:13
کراچی میں فائرنگ ، چار افراد جاں بحق ، تین زخمی
اے آر وائی - کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے تازہ واقعات میں چار افراد جاں بحق اور بچی سمیت تین افراد زخمی ہوگئے ،رینجرز اور پولیس نے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے متعدد افراد کو حراست میں لے لیا۔
رات گئے کیماڑی کے علاقے میں کسٹم ہاوس کے قریب سے دو افراد کی لاشیں ملیں جنہیں تشدد کے بعد فائرنگ کرکے قتل کیا گیا۔موسی لین میں نامعلوم کی فائرنگ سے دو افراد دم توڑ گئے۔مقتولین کی لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کے لیے سول اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جن کی شناخت نہیں ہوسکی ہے۔
فائرنگ کے دیگر واقعات خداد اد کالونی ،ناصر گوٹھ، اور پی آئی بی کالونی میں پیش آئے جہاں ایک بچی سمیت تین افراد زخمی ہوگئے۔رات گئے رینجرز نے شہر کے مختلف علاقوں میں ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران چھ سے زائد افراد کو حراست میں لے لیا۔
ذرائع کے مطابق سول اسپتال کے قریب فائربریگیڈ کے کمپاوٴنڈ میں رینجرز نے چھاپہ مار کارروائی کے دوران چھ افراد کو حراست میں لے کر تفتیش کے لیے نا معلوم مقام منتقل کردیا ۔
دوسری جانب سولجر بازار پولیس نے اسٹریٹ کرائم میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کرکے ٹی ٹی پستول اور ایک موٹر سائیکل قبضے میں لے لی ہے۔