18 اکتوبر 2012
وقت اشاعت: 14:9
کراچی: پرتشدد واقعات میں 2 افراد جاں بحق
اے آر وائی - کراچی میں فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں ایف سی اہلکار سمیت دو افراد جاں بحق اور تین زخمی ہوگئے۔ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے پولیس اہلکار سمیت متعدد افراد کے قتل میں ملوث دو مبینہ ٹارگٹ کلرز گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔
کراچی کے علاقے قصبہ کالونی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایف سی اہلکار عبدالمالک جاں بحق اور نظرگل زخمی ہوا۔ رات گئے فش ہاربر میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔ جمشید روڈ پر فائرنگ سے دو افراد زخمی ہوئے۔ سرسید پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے چار ملزم گرفتار کرلیے۔
قبضے سے آرمی کے جعلی آئی ڈی کارڈ برآمد کئے گئے۔ منگھوپیر میں پولیس نے مبینہ ٹارگٹ کلر عاشق عرف بھولا کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمدکرلیا۔ ملزم پولیس اہلکار سمیت چودہ افراد کے قتل میں ملوث ہے۔ چنیسر گوٹھ میں بھی قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کارروائی کرکے مبینہ ٹارگٹ کلر کو گرفتار کیا۔