تازہ ترین سرخیاں
 شہر شہر کی خبر 
20 اکتوبر 2012
وقت اشاعت: 16:29

کراچی، فائرنگ اور پر تشدد واقعات میں تین افراد ہلاک

اے آر وائی - کراچی میں فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں تین افراد جان کی بازی ہار گئے۔درخشاں پولیس نے چھ افراد کے قتل میں ملوث ٹارگٹ کلر کو گرفتار کرلیا۔قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کرتے ہوئے متعدد افراد کو حراست میں لے لیا۔



پولیس کے مطابق پی ای سی ایچ ایس سوسائٹی کے علاقے شاہراہ قائدین سے ایک شخص کی بوری بند لاش ملی۔کورنگی ڈھائی نمبر کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص جان کی بازی ہار گیا،مقتول کی شناخت عقیل کے نام سے ہوئی اور تعلق سیاسی جماعت سے بتایا جاتا ہے۔چنیسر گوٹھ ریلوے پٹری کے قریب سے سیکیورٹی گارڈ کی لاش برآمد ہوئی۔مقتول کی موت کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی۔لاش کو قانونی ضابطوں کی کارروائی کیلئے اسپتال منتقل کردیا گیا۔



دوسری جانب درخشاں پولیس نے چھ افراد کے قتل میں ملوث ٹارگٹ کلر عبدالجبار کو گرفتار کرلیا۔ ایس پی کلفٹن جاوید مہر کے مطابق ملزم کو خفیہ اطلاع پرخیابان اتحاد سے گرفتار کیا گیا۔ ملزم نے دوران تفتیش اندرون سندھ چھ افراد کو قتل اور چار افراد کو زخمی کرنے کا انکشاف کیا ہے۔ملزم کے قبضے سے ٹی ٹی پستول اور چھ گولیاں برآمد ہوئیں۔



رات گئے مچھر کالونی میں مشتبہ افراد کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا گیا جس میں چار افراد کو حراست میں لے لیا گیا ،رینجرز نے بلدیہ ٹاون یوسف گوٹھ کے قریب ٹارگٹڈ آپریشن کیا، آپریشن میں رینجرز کی بھاری نفری کو تعینات کیا گیا تھا۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.