20 اکتوبر 2012
وقت اشاعت: 18:9
کوئٹہ:ڈاکٹر سعید کی بازیابی کے لیے ڈاکٹروں کا احتجاج جاری
اے آر وائی - ڈاکٹر سعید خان کی بازیابی کے لیے ڈاکٹروں کا احتجاج جاری ہے۔ کوئٹہ میں پی ایم اے کی جانب سے احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ چار روز قبل کوئٹہ کے علاقے سریاب روڈ سے اغوا ہونے والے ڈاکٹر سعید خان کی عدم بازیابی کے خلاف پاکستان میڈیکل ایسوی ایشن کی ہڑتال تیسرے روز بھی جاری رہی۔
بلوچستان کے سرکاری اسپتالوں کے او پی ڈیز اور آپریشن تھیٹرز بند رہے ، پی ایم اے کی جانب سے ڈاکٹر کی بازیابی کے لئے سول اسپتال سے ریلی نکالی گئی جو مختلف شاہراہوں سے ہوتی ہوئی پریس کلب کے سامنے پہنچی جہاں پر ڈاکٹروں نے احتجاجی مظاہرہ کیا اور انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی کی۔
مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر سلطان ترین کا کہنا تھا صوبائی حکومت ڈاکٹروں کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام ہوچکی ہے اور ڈاکٹروں کے اغوا کا سلسلہ جاری ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ڈاکٹر سعید خان کو بازیاب کیا جائے اور ڈاکٹروں کو فراہم کرنے کے لئے اقدامات کئے جائیں۔