21 اکتوبر 2012
وقت اشاعت: 14:42
سانحہ بلدیہ ٹاؤن: ایک اور لاش کی شناخت
اے آر وائی - سانحہ بلدیہ ٹاؤن میں جاں بحق ہونے والے ایک اور لاش کی شناخت ہوگئی۔ اشفاق ولد غنی کی میت ورثاء کے حوالے کردی گئی۔
ڈی این اے رپورٹ کے ذریعے گذشتہ روز جوان سال اشفاق ولد غنی کی شناخت کرلی گئی۔ اشفاق کی میت ضابطے کی کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کردی گئی۔ متوفی اورنگی سیکٹر ساڑھے گیارہ کا رہائشی اور گھر کا واحد کفیل تھا۔ اشفاق ولد غنی کو گزشتہ روز ہی مقامی قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔
کراچی میں گیارہ ستمبر کو بلدیہ ٹاؤن فیکٹری میں خوفناک آتشزدگی سے جاں بحق افراد میں انتالیس کی شناخت نہیں ہوسکی۔ ایک ماہ سے زائد گزرنے کے باوجود صرف آٹھ افراد کی ڈی این اے رپورٹ موصول ہوئی ہیں۔ ایدھی سرد خانے میں رکھی اکتیس لاشوں کے ڈی این اے رپورٹس کا انتظار ہے۔
ڈی این اے رپورٹس میں غیر ضروری تاخیر کے باعث اہلخانہ کو سخت مشکلات کا سامنا رہا، شناخت نہ ہونے کے باعث کئی متاثرہ خاندان امداد سے بھی محروم رہے۔