21 اکتوبر 2012
وقت اشاعت: 18:16
اسلام آباد:ماحول سے متعلق شعوراجاگرکرنے کیلئے واک
اے آر وائی - نوجوان نسل میں سیاحت اور ماحول سے متعلق شعور اجاگر کرنے کے لئے پی ٹی ڈی سی کے زیر اہتمام ٹورازم واک کا اہتمام کیا گیا۔ جہاں موسم میں بڑھتی خنکی اور قدرت کے پر کیف نظاروں نے کئی چہروں کو کھلکھلا دیا۔
سر سبز و شاداب مارگلہ پہاڑیوں کے دامن میں پاکستان ٹوارازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن کی جانب سے نوجوانوں اور بچوں میں سیاحت کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لئے ٹریک فائیو پر واک کا اہتمام کیا گیا ،جس میں جڑواں شہروں سے سکول اور کالجز کے طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔ واک کے دوران خوشگوار موسم اور ہوا کے ٹھنڈے جھونکوں نے ماحول ور بھی پر کیف بنا دیا۔
قدرتی ماحول اور پہاڑوں کے دلفریب نظاروں سے لطف اندوز ہوتے طلباء کو جنگلی حیات اور نباتات کے تحفظ کے حوالے سے آگاہی بھی فراہم کی گئی۔جبکہ پی ٹی ڈی سی کے مینیجنگ ڈائریکٹر میر شاہ جہاں کھیتران نے کہا کہ اس طرح کی سرگرمیوں سے ماحولیاتی سیاحت کی اہمیت سے نوجوان نسل کو روشناس کروایا جا سکتا ہے۔ واک میں شریک افراد کا کہنا تھا کہ اس طرح کی مثبت سرگرمیاں اگر تسلسل کے ساتھ کی جائیں تو ملک میں سیاحت کو فروغ دیا جا سکے گا۔