23 اکتوبر 2012
وقت اشاعت: 23:1
کراچی:فائرنگ کے واقعات میں پولیس اہلکار سمیت9 افراد جاں بحق
اے آر وائی - کراچی میں فائرنگ کے مختلف واقعات میں پولیس اہلکار سمیت نو افراد جاں بحق اور سات افراد زخمی ہوگئے۔ زیر علاج فائرنگ سے زخمی پولیس اہلکار سمیت دو افراد نے بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ دیا۔
پولیس کے مطابق سولجر بازار کے علاقے میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے دو افراد جاں بحق ہوگئے جن کی شناخت عمر اور اکرم کے ناموں سے ہوئی۔ پولیس کے مطابق دونوں سگے بھائی ہیں جنہیں گھر کے باہر فائرنگ کرکے قتل کیا گیا۔ بلدیہ ٹاؤن آٹھ نمبر میں مسلح افراد نے کلینک میں فائرنگ کردی جس کی زد میں آکر چالیس سالہ ڈاکٹر عبدالحمید ہلاک ہوگئے۔ بلدیہ ٹاؤن سعیدآباد میں نامعلوم افراد نے پرچون کی دوکان پرفائرنگ کردی جس کے نتیجے میں بشیر نامی شخص جاں بحق ہوا۔
پرانا گولیمار میں گٹر باغیچہ کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے اعظم علی جاں بحق اور طالب خان اور محسن زخمی ہوئے۔ پولیس کے مطابق واقعہ ذاتی نوعیت کا ہے۔ شاہ لطیف ٹاون میں نامعلوم افراد فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوگیا سپر ہائی وے کے قریب جمالی گوٹھ میں نامعلوم افراد نے دوکان پر فائرنگ کرکے دوکاندار امیر اللہ کو قتل کردیا۔ پولیس کے مطابق واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے۔
تھانہ نیپئر کے علاقے میں عیدگاہ کے قریب فائرنگ سے ساجد نامی پولیس اہلکار جاں بحق ہوا۔ مقتول اسپیشل برانچ میں ہیڈ کانسٹیبل تھا۔ نو جولائی کو تھانہ رسالہ کی حدود میں موبائل پر فائرنگ کے نتیجے میں زخمی ہونے والا اہلکار حسنین ساڑھے تین ماہ زندگی اور موت کی کشمکش میں رہنے کے بعد رات گئے چل بسا۔ گزشتہ روز نارتھ ناظم آباد میں فائرنگ سے زخمی ہونے والے نوجوان زوہیب نے بھی نجی اسپتال میں دوران علاج دم توڑ دیا۔