24 اکتوبر 2012
وقت اشاعت: 16:53
کراچی:تشدد کے تازہ واقعات مزید سات افراد ہلاک
اے آر وائی - کراچی میں بدامنی کی لہر بدستور برقرار ہے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے دعوؤں کے باوجود فائرنگ اور تشدد کے تازہ واقعات میں مزیدسات افراد جاں بحق ہوگئے۔ گزری میں گارڈ نے جان پر کھیل کربینک ڈکیتی ناکام بنادی۔
شہر قائد میں قتل و غارت گری کا سلسلہ جاری ہے۔ قاتلوں نے مزید گھر اُجاڑ دیئے۔ پولیس کے مطابق منگھوپیر سے گولیوں سے چھلنی لاش ملی۔ لی مارکیٹ کے اسٹاپ سے پولیس اہلکار ظہیر خان کی تشدد زدہ لاش برآمد ہوئی۔ مقتول تھانہ کلری میں تعینات تھا۔ کلفٹن اور مچھرکالونی میں فائرنگ سے دو افراد جان کی بازی ہارگئے۔ عباس ٹاوٴن میں ایک ملزم زیادتی کی کوشش میں ناکامی پر چھری کے وار کرکے لڑکی کو قتل اور اس کی ساتھی خاتون کو زخمی کر کے فرار ہوگیا۔
کلفٹن نیلم کالونی میں بھی چاقو کے وار سے ایک شخص کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔ منگل کے روز نارتھ ناظم آباد میں دکان پر فائرنگ سے زخمی ہونے والا شخص دم توڑ گیا۔ نارتھ ناظم آباد بلاک اے،پرانا گولیمار اور میٹروول سائٹ میں فائرنگ سےپانچ افراد زخمی ہوگئے۔دوسری طرف گزری میں گارڈ نے جان پر کھیل کر بینک ڈکیتی کی کوشش ناکام بنادی۔ ملزمان کی فائرنگ سے بینک کا گارڈ جاں بحق ہوگیا۔ اُدھر پولیس نے سمن آباد سے مبینہ ٹارگٹ کلر گرفتار کرلیا۔ جبکہ لیاری دریا آباد میں رینجرز نے ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران ایک ملزم حراست میں لے لیا ۔