26 اکتوبر 2012
وقت اشاعت: 14:45
تشدد کے تازہ واقعات میں مزید تین افراد جان کی بازی ہار گئے
اے آر وائی - کراچی کے مختلف علاقوں فائرنگ اور تشدد کے تازہ واقعات میں مزید تین افراد جان کی بازی ہار گئے۔ پولیس نے موچکو سے نومولود بازیاب کراکر خاتون سمیت سات ملزم گرفتار کرلئے۔
شہر قائد میں بد امنی عروج پر ہے۔ قاتلوں نے مزید کئی گھرانے اجاڑ دیئے۔ پولیس کے مطابق اورنگی ٹاون چشتی نگر میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔ ایک شخص عزیز آباد نمبر دو میں گولیوں کا نشانہ بنا۔
اُدھر سہراب گوٹھ کے قریب پولیس کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوا۔ گاڑی میں گیارہ افراد منڈی جارہے تھے، پولیس اہکاروں نے نہ رکنے پر فائرنگ کردی۔ واقعے کے بعد تین پولیس اہلکار گرفتار کر کے مقدمہ درج کرلیاگیا۔ ناظم آباد بنگش ہوٹل کے قریب فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیا۔
دوسری طرف پولیس نے موچکو سے نومولود بازیاب کراکر خاتون سمیت سات ملزم گرفتار کرلئے۔ میٹھادر پولیس نے این ٹی آر کالونی میں مبینہ مقابلے کے بعدشہری سے لوٹ مار کرنے والے دو ڈاکو گرفتار کئے۔
نیوکراچی بلال کالونی سے ٹارگٹ کلر دھر لیا گیا۔ نارتھ ناظم آباد میں بھتہ خوری اور دیگر وارداتوں میں ملوث دو ملزمان بھی گرفتار کر کے مسروقہ رقم اور اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔