27 اکتوبر 2012
وقت اشاعت: 18:36
لاہور:نامعلوم افراد نے میاں بیوی کو قتل کردیا
اے آر وائی - لاہور کے علا قے فیکٹری ایریا میں نا معلوم افراد نے گھر میں گھس کر میاں بیوی کو تیز دھار آلےکے وار کر کے قتل کر دیا،پولیس نے نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔
حافظ عمران اپنی اہلیہ کرن اور 4 سالہ بچے حسن کے ہمراہ فیکٹری ایریا ریلوے آفیسر کالونی میں اپنے سسر شیر محمد رانا کے گھر رہتا تھا، عید کی صبح گھریلو ملازمہ مقبولہ بی بی گھر آئیں تو دونوں میاں بیوی کی خون میں لت پت لاشیں ڈرائنگ روم میں پڑی تھیں،ملازمہ نے شور مچا کر محلے داروں اور پولیس کو بلایا۔
پولیس نے جائے وقوعہ پر موجود لاشیں قبضہ میں لے کر سرد خانے منتقل کر دیں اور نا معلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا،پولیس کے مطابق قاتلوں نے گھر کا سامان بکھیر کر اسے ڈکیتی کا رنگ دینے کی کوشش کی جبکہ مقتولہ کے زیورات اور دیگر سامان ویسے کا ویسا ہی تھا۔
پولیس کے مطابق قاتل مقتولین کے جاننے والے لگتے ہیں جنہوں نے چائے اور بسکٹ بھی کھائے،پولیس نے جائے وقوعہ سے فنگر پرنٹس اور دیگر شواہد اکٹھے کر لیے ہیں اور تفتیش جاری ہے۔