28 اکتوبر 2012
وقت اشاعت: 12:37
کراچی:فیکٹری میں لگی آگ پرتاحال قابونہیں پایاجاسکا
اے آر وائی - کراچی پرنٹنگ اینڈ پیکیجنگ فیکٹری میں لگی آگ پر تاحال قابو نہیں پایاجاسکا۔ عمارت کے کئی حصے گرگئے ۔عمارت کے مخدوش ہونے کے باعث ریسکیو اہلکاروں کوا مدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
کراچی کے علاقے گل بائی میں پرنٹنگ اینڈ پیکیجنگ کرنے والی چار منزلہ فیکٹری میٹا ٹیکسٹائل کے گودام میں گزشتہ رات اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس نے دیکھتےہی دیکھتے پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، آگ کی شدت کودیکھتے ہوئے ریسکیو حکام نے اسے تیسرے درجے کی آگ قرار دیتے ہوئے کہا کہ فوم کی عدم دستیابی کے باعث آگ پر قابو نہیں پایا جا رہا، آگ بجھانےکے لئے شہر بھر کے فائر ٹینڈر کو طلب کر لیا گیا، تاہم ریسکیو اہلکار آگ پر مکمل طور پر قابو پانے میں تاحال کامیاب نہیں ہوسکے۔
فیکٹری مالک کے مطابق گودام میں آتشگیر مادہ اور کیمیکل موجود تھے جو آگ لگنےکے بعد دھماکے سے پھٹتے رہے، جس سے عمارت کےکئی حصے گر چکے ہیں، آتشزدگی کے واقعے میں عمارت کا ایک حصہ مکمل طور پر تباہ ہوچکا ہے، آگ اتنی شدید تھی کہ اس نےقریبی واقع چاول کے گودام کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا، تاہم بروقت کارروائی کرکے چاول کے گودام میں لگی آگ پر قابو پا لیا گیا۔
امدادی کارروائیوں میں نیوی، ایئر فورس اور کے پی ٹی کی گاڑیوں نے بھی حصہ لیا،واٹربورڈ نے فیکٹری کے قریبی ہائیڈرنٹس کھول دیئے ہیں، دوسری جانب سی پی ایل سی کے چیف احمد چنائے نے امدادی کارروائیوں کے لئے مزید مشینری منگوانےکی ہدایات جاری کر دیں ہیں، خوفناک آزشزدگی کے واقعہ میں عید تعطیلات کےباعث کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔