28 اکتوبر 2012
وقت اشاعت: 16:29
نوابشاہ:بس میں لوٹ مار، مزاحمت پر ایک مسافر جاں بحق
اے آر وائی - نواب شاہ کے قریب شاہ پور جہانیاں میں قومی شاہراہ پر کراچی سے پنجاب جانے والی بس کو ڈاکوؤں نے لوٹ لیا۔ مزاحمت پر ایک مسافر کو قتل کردیا، جبکہ چھ زخمی ہیں۔ مسافروں نے پولیس کو بیان دیا کہ پولیس وردی میں ملبوس مسلح ڈاکوؤں نے بس میں موجود افراد سے لاکھوں روپے کی لوٹ مار کی ۔ مزاحمت کرنے پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک مسافر غلام یاسین جاں بحق ہو گیا ۔
مقتول کا تعلق پنجاب کے شہر خان پور سے بتایاجاتا ہے۔ فائرنگ کے نتیجے میں چھ مسافر زخمی ہوئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر شاہ پور جہانیاں کے سول اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ مسافروں نے واقعے کے خلاف احتجاج کیا اور قومی شاہراہ بلاک کردی۔
ڈی ایس پی دولت پور نے مسافروں سے مذاکرات کے بعد ٹریفک بحال کرائی۔ دوسری جانب سکرنڈ کے قریب ڈاکوؤں نے ایک اور مسافر بس میں بھی لوٹ مار کی اور فرار ہوگئے۔