30 اکتوبر 2012
وقت اشاعت: 14:15
لاہور:بس الٹنے سے 4افراد جاں بحق،سولہ زخمی
اے آر وائی - لاہور میں ٹھوکر نیاز بیگ موٹر وے پر بس الٹنے سے چار افراد جاں بحق جبکہ سولہ زخمی ہو گئے ہیں۔
مردان سے آنے والی مسافر بس تیز رفتاری کے باعث موٹروے موڑ اترتے ہوئے الٹ گئی اور کھائی میں جا گری۔ حادثہ میں تین مسافر موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ ایک زخمی مسافر جناح ہسپتال پہنچ کر دم توڑ گیا۔ ریسکیو 1122 نے امدادی کارروائی کے دوران معمولی زخمیوں کو موقع پر ہی امداد دی جبکہ زخمیوں اور مرنے والوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
جناح ہسپتال میں دو مسافروں کی حالت تاحال تشویشناک ہے جبکہ دیگر مسافروں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ تمام مسافر رائے ونڈ اجتماع میں شرکت کے لیے آرہے تھے۔ زخمی مسافروں کے مطابق ڈرائیور اور کنڈیکٹر میں تمام راستے تلخ کلامی بھی ہوتی رہی جس پر منع کرنے کے باوجود ڈرائیور نے بس تیز رفتاری سے چلائی۔
ذرائع کے مطابق حادثہ کے بعد ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا ہے جبکہ موٹروے پولیس اور متعلقہ تھانہ پولیس نے شواہد کی روشنی میں تحقیقات شروع کر دیں ہیں۔