30 اکتوبر 2012
وقت اشاعت: 17:56
چنیوٹ:چوری کے شبہ میں نوجوان پر پٹرول ڈال کر آگ لگا دی گئی
اے آر وائی - چنیوٹ میں چوری کے شبہ میں پنچائیت کے فیصلے پر نوجوان کو پٹرول ڈال کر آگ لگا دی گئی ۔ نوجوان کے جسم کا ستر فیصد حصہ جھلس گیا۔ چنیوٹ کے علاقے محلہ معظم شاہ میں نصیرگھر چوری ہوئی، نصیر نے چوری کا شبہ سکندر نامی نوجوان پر ظاہر کیا جس پر پیچائیتی کمیٹی کے ارکان حرکت میں آئے اور سکندر کو مجرم قرار دے دیا۔
سکندر کے بھائی شاہد کا کہنا ہے کہ پنچائیت کی سفارش پر سکندر پر بہیمانہ تشدد کرنے کے بعد اس پر پٹرول ڈال کر آگ لگا دی گئی جس سے سکندر کے جسم کا ستر فیصد حصہ بری طرح جل گیا۔ واقعہ کی اطلاع ملنے پر پولیس نے دو افراد کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کردی ہے۔ سکندر کو تشویشناک حالت میں ڈسٹرکٹ ہیڈکواٹر اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔