30 اکتوبر 2012
وقت اشاعت: 22:57
کراچی:فائرنگ کے مختلف واقعات میں سات افراد جاں بحق
اے آر وائی - کراچی میں پرتشدد واقعات نہ روک سکے، فائرنگ کے مختلف واقعات میں پولیس اہلکار اور سیاسی کارکن سمیت سات افراد جان کی بازی ہارگئے۔ سی آئی ڈی پولیس نے کالعدم تحریک طالبان سے تعلق رکھنے والے چار ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق بلدیہ ٹاون کے علاقے میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوا۔ تھانہ اورنگی کی حدود میں منگھوپیر روڈ پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سینوجوان جاں بحق ہوا۔ سول اسپتال کے قریب سے پولیس اہلکار شجاعت شاہ کی تشدد زدہ لاش ملی۔ میٹرویل سائٹ میں فائرنگ سے میاں جان نامی شخص جاں بحق ہوا ترجمان عوامی نیشنل پارٹی کا کہنا ہے کہ مقتول ان کی جماعت کا علاقائی عہدیدار تھا۔
تھانہ ایرپورٹ کی حدود میں واقع رہائشی عمارت سے بائس سالہ ماہ نور کی لاش جسے تشدد کے بعد گلا گھونٹ کرقتل کیا گیا تھا، ماڑی پور کے علاقے میں کراوٴن سینما کے قریب سے رضوان کی لاش ملی جسے فائرنگ کرکے قتل کیا گیا۔ رات گئے ناظم آباد مجاہد کالونی میں فائرنگ سے سلیم اللہ جان کی بازی ہار گیا۔
دوسری جانب ایس ایس پی چوہدری اسلم نے دعوی کیا ہے کہ سی آئی ڈی پولیس نے منگھوپیر کے علاقے سلطان آباد میں کاروائی کرتے ہوئے کالعدم تحریک طالبان سے تعلق رکھنے والے چار ملزمان کو گرفتار کرکے چار ٹی ٹی پسٹل اور ہینڈ گرنیڈ برآمد کرلئے گرفتار ملزمان جرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں۔
اسپیشل انوسٹی گیشن یونٹ نے فیروز آباد کے علاقے میں کاروائی کرکے طالبان کے نام پر بھتہ طلب کرنے والے ملزم بلال خان کوگرفتار کرلیا۔ ایس ایس پی سی فاروق اعوان نے بتایا کہ ملزم نے سلمان مرچنٹ نامی شخص کو بھتے کی پرچی اور گولی بھیج کرلاکھوں روپے بھتہ طلب کیا تھا۔ ملزم کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔
کورنگی میں بھی پولیس نے گذشتہ دنوں ایک نوجوان کو قتل کرنے والے سیکورٹی گارڈ کو گرفتار کرلیا۔ لیاری کے علاقے کلری میں ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ سے بچی سمیت دو افراد زخمی ہوئے۔ نیو کراچی بلال کالونی میں ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوا۔