2 نومبر 2012
وقت اشاعت: 0:23
کراچی اولڈ سٹی ایریا کیلئے نیا سیکیورٹی پلان
اے آر وائی - کراچی میں اولڈ سٹی ایریا کے علاقے کھارادر میں تاجروں کی سیکورٹی کے لئے پولیس نے پلان ترتیب دے کر جرائم پیشہ افراد کے آئیڈیل تنگ گلیوں کو بند کرنے کا کام شروع کردیا ہے جبکہ پولیس پوسٹس بھی بنائی جائیں گی۔
کراچی کے اولڈ سٹی ایریا کے علاقے کھارادر میں جرائم کی بڑھتی وارداتوں پر تاجروں کی تشویش اور گورنر سندھ کے احکامات پر علاقے کا سیکیورٹی پلان ترتیب دے دیا گیا ہے۔ پولیس نے سیکورٹی کے لئے ایک نقشہ تیار کیا ہے جس کے مطابق حساس مقامات پر پولیس کو تعینات کیا جائے گا ۔
کھارادر کے تیس مقامات جن میں اللہ رکھا پارک، جی الانہ روڈ، مچھی میانی روڈ، پاریہ گلی بغدادی چورنگی، عباس لین، بمبی بازار، واٹر بورڈ اسٹریٹ، دریا لعل اسٹریٹ، جوڑیا بازار، ڈینسو ہال، کھجور بازار، پھول چوک بھوپال اسٹریٹ سمیت دیگر مقامات شامل ہیں جبکہ 23 گلیوں کو بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جو تنگ راستے ہونے کی وجہ سے جرائم پیشہ افراد کے فرار ہونے کا ذریعہ بنتی ہیں۔
بند کی جانے والی گلیوں میں باغ زوہاہ، یوسف اسٹریٹ، صوفی چوک، پتنگ گلی چھیبا گلی، دریا لعل اسٹریٹ، کھجور بازار، صالح محمد اسٹریٹ، مدنی اسٹریٹ، گاؤ گلی سمیت دیگر گلیاں شامل ہیں۔ تاجروں نے امن و امان کی خراب صوتحال پر ہڑتال کا اعلان کیا تھا جس پر گورنر سندھ نے انہیں یقین دہانی کرائی تھی کہ انہیں مکمل سیکورٹی فراہم کی جائے گی جس پر پولیس نے کھارادر میں سیکورٹی کا پلان ترتیب دیا ہے۔