2 نومبر 2012
وقت اشاعت: 10:1
کراچی میں 2 نوجوانوں کی ہلاکت پر ایس ایچ او معطل
اے آر وائی - گذشتہ روزمبینہ پولیس مقابلے میں جاں بحق ہونے والے دونوں نوجوانوں کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔اعلیٰ پولیس افسران نے ایس ایچ او شاہراہ نور جہاں کو معطل کردیا ۔
نارتھ ناظم آباد بلاک آئی میں مبینہ پولیس مقابلے میں جاں بحق ہونے والے دونوں نوجوان عدنان اورنعیم کی ہلاکت پر ساتھی دوست آصف کی مدعیت میں شاہراہ نور جہاں تھانے میں مقدمہ درج کرلیا گیاہے جبکہ پولیس افسران نے ایس ایچ او شاہراہ نور جہاں راجہ طارق کو غفلت برتنے پر معطل کردیا۔
ایس پی نارتھ ناظم آباد لطیف صدیقی کے مطابق مبینہ مقابلے میں دونوں نوجوانوں کی ہلاکت پر تحقیقاتی ٹیم تشکیل دیدی گئی ہے جس کی سربراہی ایس پی انویسٹی گیشن نعمان صدیقی کر رہے ہیں۔
دوسری جانب نیو کراچی سیکٹر الیون ایف میں جاں بحق ہونے والے دونوں نوجوان عدنان اور نعیم کی نماز جنازہ ادا کردی گئی ہے،نماز جنازہ کے موقع پرلواحقین نے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے میں ملوث تمام پولیس افسران کو فوری طور پر گرفتار کرکے انہیں قرار واقعی سزا دی جائے۔واضح رہے کہ دونوں نوجوان قصاب کا کام کرتے تھے اور گذشتہ روز مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک ہوگئے تھے۔