2 نومبر 2012
وقت اشاعت: 14:40
نئے بلدیاتی نظام کے خلاف احتجاج ختم نہیں ہوا، صدرالدین شاہ
اے آر وائی - مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے صدر پیر صدرالدین شاہ راشدی نے کہا ہے کہ نئے بلدیاتی نظام کے خلاف سندھ میں احتجاج ختم نہیں ہواہے۔ دس محرم الحرام کے بعد یہ احتجاج اور منظم ہوجائیگا۔ انہوں نے کہا کہ فنکشنل لیگ آئندہ الیکشن میں کسی سے بھی اتحاد نہیں کریگی البتہ سیٹ ایڈجسٹمنٹ ہوسکتی ہے۔
مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے جنرل سیکریٹری امتیاز شیخ کی رہائشگاہ سندھ ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کالا باغ ڈریم مردہ گھوڑا ہے اس پر بحث کرنا وقت کا ضیاع ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں بڑھتی ہوئی بدامنی پر تشویش کااظہار کرتے ہیں اور امن وامان کے حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلوں کی حمایت کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ فنکشنل سندھ اسمبلی میں نصرت سحر عباسی کو اپوزیشن لیڈر بنائی گی اور ہمارے ارکان کو بلاتاخیر اپوزیشن کی سیٹیں الاٹ کی جائے۔ اس موقع پر مسلم لیگ فنکشنل سے تعلق رکھنے و الے صوبائی وقومی اسمبلی کے ارکان سینیٹر اور پارٹی کے اہم رہنما موجود تھے۔