2 نومبر 2012
وقت اشاعت: 16:9
کراچی:فائرنگ اور تشدد کے تازہ واقعات میں سات افراد جاں بحق
اے آر وائی - کراچی میں فائرنگ اور تشدد کے تازہ واقعات میں سات افراد جاں بحق اور پولیس اہلکار سمیت پانچ زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق ملیر جعفر طیارمیں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے سعید نامی شخص جاں بحق ہوگیا۔
جمشید کوارٹر غوثیہ کالونی میں مسلح ملزمان کی فائرنگ سے فیصل نامی شخص ہلاک ہوا۔ میوہ شاہ قبرستان پرانی بکرہ پیڑی کے قریب ندی سے کئی روز پرانی خاتون کی لاش ملی ، نارتھ کراچی فائیو اے ٹو مدیحہ اسٹاپ کے قریب مسلح افراد نے فائرنگ کرکے ایک شخص کو ابدی نیند سلا دیا۔
رات گئے اردو بازار کے قریب سے بھی ایک شخص کی بوری بندھ لاش ملی ،کورنگی انڈسٹریل ایریا میں ناصر جمپ کے قریب فائرنگ کے واقع میں ایک شخص جان کی بازی ہار گیا، گولی مار چورنگی کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے زخمی ہونے والا شخص اسپتال میں دم توڑ گیا۔ گلشن اقبال نیو دھوراجی میں ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ سے گلشن اقبال تھانے کا اے ایس آئی اشفاق زخمی ہوا۔
فائرنگ کے دیگر واقعات بلدیہ ،منگوپیر،خاموش کالونی،شیرین جناح کالونی میں پیش آئے جہاں چارافراد زخمی ہوگئے۔ اینٹی وائلنٹ کرائم سیل نے شہر کے مختلف علاقوں سے ٹارگٹ کلنگ کی تیرہ وارداتوں میں ملوث تین ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔ گرفتارملزمان قتل ، اقدام قتل اور پولیس کو دیگر وارداتوں میں مطلوب تھے۔ ملزمان سے مزید تفتیش کی جارہی ہے۔