3 نومبر 2012
وقت اشاعت: 13:19
کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ سے تین افراد جاں بحق
اے آر وائی - کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ سے تین افراد جان بحق اور پولیس اہلکار اور خاتون سمیت چار زخمی ہوگئے۔ ملیر میں گھریلو تنازعے پر پولیس اہلکارنےاپنی بیوی پر تیل چھڑک کر آگ لگادی،پولیس نے ملزم کو حراست میں لے لیا۔
پولیس حکام کیمطابق ملیر لیاقت مارکیٹ کے قریب فائرنگ سے ایک شخص لقمہ اجل بنا۔ تھانہ جیکسن کی حدود میں ایم ٹی خان روڈ پرنامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوا۔اورنگی ٹاون گلشن بہار میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے فیکٹری ملازم ظفر حسین کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔ گلستان جوہر میں فائرنگ سے شریف اللہ اور حمزہ نامی دو افراد زخمی ہوئے۔ بلدیہ ٹاون سیکٹر اے تھری میں فائرنگ سے فیض بانو زخمی ہوئی۔تھانہ میٹھا در کی حدود میں پولیس مقابلے کے دوران فائرنگ سے پولیس اہلکار زخمی ہوا۔
رات گئے تھانہ سعود آباد کی حدود میں پولیس اہلکار نے اپنی بیوی کو جلادیا، ڈاکٹرز کے مطابق متاثرہ خاتون کے جسم کا نوے فیصد حصہ جھلس چکا ہے اور اس کی حالت نہایت نازک ہے۔ متاثرہ خاتون توقیر فاطمہ نے پولیس کو جو بیان دیا ہے اس کیمطابق اس کا شوہر ابوالحسن جو تیسری شادی کرنا چاہتا تھا اور اسی تنازعے پر ملزم نے رات گئے اس پر تیل چھڑک کر آگ لگا دی۔ سعود آباد پولیس نے واقعے کی اطلاع ملتے ہی شوہر کو گرفتار کرکے مزید تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔