تازہ ترین سرخیاں
 شہر شہر کی خبر 
6 نومبر 2012
وقت اشاعت: 14:55

حیدرآباد:فائرنگ کے مختلف واقعات میں 2 افراد ہلاک، 3 زخمی

اے آر وائی - حیدرآباد میں چوتھے روز بھی فائرنگ کے مختلف واقعات میں 2 افراد ہلاک جبکہ 3 زخمی ہوگئے، ٹارگٹ کلنگ کے مختلف واقعات میں 4 روزکے دوران ہلاک ہونے والوں کی تعداد 9 ہوگئی۔ حیدرآباد کے علاقے ہٹری بائی پاس پر ہوٹل میں بیٹھے ہوئے عبدالرحمان نامی شخص کو موٹر سائیکل پر سوار نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے ہلاک کردیا۔ متوفی کی لاش سول ہسپتال پہنچائی گئی جہاں پوسٹ مارٹم کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کردی گئی۔



دوسری جانب ضلع ناظم سیکریٹریٹ کے قریب دوکان پر بیٹھے شخص کو نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے ہلاک کردیا جبکہ ہالاناکے کے قریب مذہبی جماعت کی ریلی پر بھی فائرنگ کا واقعہ رونما ہوا جس میں دو کارکن یوسف اور نعیم زخمی ہوگئے جبکہ 13 سالہ راہ گیرلڑکی بھی گولی لگنے سے ذخمی ہوگئی جنہیں سول اسپتال حیدرآباد پہنچایا گیا ہے۔



ڈی آئی جی حیدرآباد ثناء اللہ عباسی کا کہنا ہے کہ شہر میں ہونے والے واقعات بظاہر ٹارگٹ کلنگ کے لگتے ہیں، پولیس نے کچھہ گرفتاریاں کی ہیں جن سے تفتیش جاری ہے۔ واضح رہے کہ حیدرآباد میں 4 روز کے دوران ٹارگٹ کلنگ میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 9 ہوگئی ہے جبکہ ٹارگٹ کلنگ میں اضافے کے بعد شہر میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا ہے اور شہری عد م تحفظ کا شکار ہیں۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.