تازہ ترین سرخیاں
 شہر شہر کی خبر 
6 نومبر 2012
وقت اشاعت: 20:56

فائرنگ اور تشدد کے واقعات میں مزید14افراد لقمہ اجل بن گئے

اے آر وائی - کراچی میں بدامنی کا راج بدستور قائم ہے اور فائرنگ اور تشدد کے تازہ واقعات میں مزید چودہ افراد لقمہ اجل بن گئے ہیں۔ جبکہ آٹھ افراد زخمی ہوئے۔ مشتعل افراد نے لیاقت آباد میں تین گاڑیوں اور سہراب گوٹھ میں ایک بس جلادی گئی۔



لیاقت آباد ڈاکخانہ کے قریب اس وقت حالات کشیدہ ہوگئے جب نمائش میں سے فائرنگ میں جاں بحق ہونیوالے وحدت المسلمین کے رہنما علامہ آفتاب حیدر جعفری اور مرزا شاہد کے جنازے کے شرکاء پہنچے مشتعل افراد نے ہنگامہ آرائی شروع کی اور جلاؤ گھیراؤ کرتے ہوئے دو بسوں اور ایک ٹرک کو آگ لگادی ۔ اس دوران شدید فائرنگ کی گئی جس میں دو افراد ہلاک پانچ زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں دو رینجرز اور ایک پولیس اہلکار بھی شامل ہے جس کے بعد علاقے میں پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری تعینات کردی گئی ۔ بعد میں ایک زخمی اسپتال میں دم توڑ گیا۔



ادھر بہادرآباد میں فائرنگ سے سعید نامی شخص جاں بحق ہوا۔ ملیر ہالٹ کے قریب فائرنگ سے ایک شخص جان کی بازی ہار گیا۔ تھانہ کلری کی حدود میں جھگڑے کے دوران فائرنگ سے سید اللہ اور عمران قتل ہوئے جبکہ تیسرا شخص زخمی ہوا۔



نیو کراچی نالہ اسٹاپ ، ماڑی پور ، کراؤن سینما ، شیر شاہ اور گرومندر میں فائرنگ سے سیاسی کارکن سمیت چھ افراد زخمی ہوئے۔ سرجانی کے علاقے میں پولیس نے کاروائی کرتے ہوئے مغوی بازیاب کرالیا۔ اشفاق کو انیس اکتوبر کو پرانی سبزی منڈی کے قریب سے اغواء کیا گیا تھا۔ ڈیفنس میں فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیا۔ کورنگی کے علاقے عوامی کالونی میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.