7 نومبر 2012
وقت اشاعت: 11:6
پنجاب اسمبلی: شوکت بسرا کے بیان پر ہنگامہ آرائی
اے آر وائی - پنجاب اسمبلی میں اصغر خان کیس پر بحث کے دوران ایوان مچھلی منڈی بن گیا۔ ایک دوسرے پر تابڑ توڑ حملے جاری رہے۔ پنجاب اسمبلی کا اجلاس ڈھائی گھنٹے سے تاخیر سے شروع ہوا۔ پیپلز پارٹی کے رہنما شوکت بسرا نے اصغر خان کیس پر بحث کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ آئی جے آئی سے فائدہ اٹھانے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے، شوکت بسرا کے بیان پر ہنگامہ آرائی شروع ہوگئی۔ اسپیکر نے ہنگامہ آرائی کنٹرول کرنے کے لئے آدھے گھنٹے کے لئے اجلاس ملتوی کردیا۔
اپوزیشن کے ارکان نے اکٹھے ہوکر پنجاب اسمبلی کی سیڑھیوں پر احتجاج کیا اور حکومت پنجاب کے خلاف نعرے بازی کی۔ آدھے گھنٹے بعد اجلاس دوبارہ شروع ہوا تو مسلم لیگ ن کے چودھری عبدالغفور نے کہا کہ بینظیر بھٹو کے قتل سے کیس کو فائدہ ہوا یہ بھی منظر عام پر لایا جائے۔ جس پر ایوان میں دوبارہ ہنگامہ آرائی شروع ہوگئی۔ اسپیکر کی کسی نے نہیں سنی۔ دونوں اطراف سے نعرے بازی ہوتی رہی۔
پیپلز پارٹی کے ارکان نے حکومت کے خلاف پوسٹرز ایوان میں لہرائے جو مسلم لیگ کے ایک رکن نے ان سے چھین لئے۔