تازہ ترین سرخیاں
 شہر شہر کی خبر 
8 نومبر 2012
وقت اشاعت: 6:30

کراچی:محرم الحرام میں ضلع جنوبی انتہائی حساس قرار

اے آر وائی - محرم الحرام کے دوران کراچی کے ضلع جنوبی کو انتہائی حساس قرار دے دیا گیا ۔ ڈپٹی کمشنر جنوبی مصطفی جمال نے قانون نافذ کرنے والے اور دیگر اداروں کو چوکنا رہنے کی ہدایت کی ہے ۔



محرم الحرام سے متعلق ڈپٹی کمشنر جنوبی مصطفی جمال قاضی کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں پولیس ، رینجرز ، کے ای ایس سی ، میونسپل اداروں اور واٹر بورڈ کے حکام نے شرکت کی ۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی ہے کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے تمام جلوس اور مجالس کی گردونواح کے علاقوں کو سرچ کریں۔کے ای ایس سی مجالس اور جلوس کی گزرگاہوں میں لوڈشیڈنگ نہ کرے اور واٹر بورڈ سمیت تمام ادارے سکیورٹی خدشات کے پیش نظر الرٹ رہیں ۔انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران موٹر سائیکل سوار اپنے اصل شناختی کارڈ ساتھ رکھیں ۔



اجلاس کے شرکا کو بتایا گیا کہ سپریم کورٹ کی ہدایت پر فینسی نمبر پلیٹ، غیر رجسٹرڈاور کالے شیشے والی گاڑیوں کے خلاف مہم شروع کی جارہی ہے۔ شہری کسی بھی پریشانی کے بچنے کیلئے فوری طور پر گاڑیاں رجسٹرڈ کرا لیں ، فینسی نمبر پلیٹ اور کالے شیشے ہٹادیں ۔اسسٹنٹ کمشنر کو ہدایت کی گئی کہ جمعرات سے مہم شروع کر دی جائے ۔محرم الحرام کے دوران خصوصی مانیٹرنگ اور کنٹرول روم قائم کیا جائیگا۔ڈپٹی کمشنر نے سیکیورٹی پلان کو کامیاب بنانے کیلئے شہریوں سے تعاون کی اپیل بھی کی ہے ۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.