12 نومبر 2012
وقت اشاعت: 12:2
یوسف پلازہ میدان جنگ بن گیا، موت کا رقص جاری
اے آر وائی - کراچی کا علاقہ یوسف پلازہ میدان جنگ بن گیا، علاقے میں بھگدڑ مچگئی ، گولیاں لگنے سے چار افراد زخمی ہوگئے، پولیس اور رینجرز بے بس دکھائی دی ، مشتعل مظاہرین نے دو گاڑیوں کو آگ لگا دی، چند منٹوں میں تین افراد کو خاک و خون میں نہلا دیا گیا، آج ہلاک افراد کی تعداد سات ہو گئی ۔
کراچی میں پولیس اور رینجرز کے تمام تر دعوؤں کے باوجود آج بھی قتل کے واقعات تھم نہ سکے۔ دہشت گردوں نے ڈاکٹر سمیت مزید سات افراد موت کی نیند سُلادیئے۔ شہر قائد میں امن کے لئے کوئی تدبیر کار آمد نہ ہوسکی۔ قاتلوں نے مزید کئی گھر اجاڑ دیئے۔ پولیس کے مطابق لی مارکیٹ میں فائرنگ کر کے ڈاکٹرنثار کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔ ملیرمیمن گوٹھ میں فائرنگ سے دو افراد لقمہ اجل بنے۔ اورنگی ٹاون میں اقبال مارکیٹ کے قریب سے ایک نوجوان کی تشدد زدہ لاش ملی، جسے فائرنگ کرکے قتل کیا گیا ،مقتول کی شناخت نہیں ہوسکی ہے، منگوپیر میں بھی نامعلوم افرادکی فائرنگ سے باغ میر جان کی بازی ہار گیا۔ مارٹن کوارٹر میں گھر کے باہر بیٹھے نوجوان مختار زیدی کو ملزمان نے گولیوں کا نشانہ بنایا جو اسپتال میں دم توڑ گیا۔ بلدیہ ٹاؤن میں فائرنگ سے ایک شخص زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھا جبکہ خاتون زخمی ہوئی۔
جمعہ گوٹھ اور قائدآباد پر بھی دو افراد گولیوں کا نشانہ بنے۔ کورنگی ڈھائی کے قریب دوران مزاحمت پر فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیاجسے طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔ دوسری طرف رینجرزنے مختلف مقامات پر چھاپے مار کر انتیس ملزم حراست میں لے لئے جبکہ کلری پولیس نے بھتہ خوری اور اقدام قتل کے مفرورملزم گرفتارکرلیا۔