تازہ ترین سرخیاں
 شہر شہر کی خبر 
12 نومبر 2012
وقت اشاعت: 17:32

کراچی میں شہریوں کے لیے امن خواب بن گیا

اے آر وائی - کراچی میں شاہراہ پاکستان ایک بار پھر میدان جنگ کا منظر پیش کرتی رہی ، مشتعل افراد نےدو بسوں کو آگ لگادی ۔ شہر دہشت گردوں کے رحم و کرم پر ، فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں آج بھی نو افراد جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ۔ کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ میں بس اسٹینڈ پر دستی بم کا حملہ کیا گیا۔



کراچی میں امن شہریوں کے لیے کسی خواب سے کم نہیں رہا ۔ شاہراہ پاکستان ایک بار پھر اس وقت میدان جنگ میں تبدیل ہوگئی جب گزشتہ روز ٹارگٹ کلنگ میں جاں بحق ہونے والے شہری کا جنازہ انچولی کے قریب سے گزر رہا تھا کہ اسی دوران دوسری شاہراہ پر سہراب گوٹھ سے جماعت اہلسنت کی ریلی کے شرکا بھی وہاں پہنچ گئے۔ اسی لمحے نامعلوم افراد نے فائرنگ شروع کردی جس کی وجہ سے بھگدڑ مچ گئی۔ فائرنگ سے دو افراد زخمی جبکہ شرپسندوں نے دو بسوں کو بھی آگ لگادی ۔ پولیس اور رینجرز صرف خاموش تماشائی کا کرادار ادا کرتے رہے۔



کشیدگی کے باعث شاہراہ پاکستان پر ٹریفک معطل رہا جبکہ شہریوں کی بڑی تعداد کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔ آج بھی فائرنگ کے مختلف واقعات میں دہشتگردوں نے نو خاندانوں کے چراغ گل کردیے ۔ نارتھ کراچی دو منٹ چورنگی کے قریب فائرنگ سے عرفان قتل ہوا۔ اورنگی ٹاون بنگلہ بازار پندرہ سی میں شمشاد بے رحم گولی کا نشانہ بنا ۔ ملیر میمن گوٹھ میں فائرنگ سے شکور اور حنیف جان بحق اور عبید نامی زخمی ہوا۔ مسلح افراد نے لیمارکیٹ میں واقع کلینک پر فائرنگ کرکے ڈاکٹر نثار احمد کو قتل کردیا ۔ بلدیہ ٹاون یوسف گوٹھ میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے جلال دین کو موت کے گھاٹ اتار دیا اور یاسمین نامی خاتون کو زخمی کردیا ۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.