13 نومبر 2012
وقت اشاعت: 11:26
اہلسنت والجماعت کے کارکن کی نماز جنازہ ادا کردی گئی
اے آر وائی - کراچی کے علاقے نیو کراچی میں میں گذشتہ روز نشانہ بننے والے اہلسنت و الجماعت کے کارکن محمد عرفان کی نماز جنازہ ناگن چورنگی پر ادا کردی گئی۔ نماز جنازہ سربراہ اہلسنت و الجماعت مولانا محمداحمد لدھیانوی نے پڑھائی۔ نماز جنازہ میں اہلسنت و الجماعت کی مرکزی قیادت ،کارکنا اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
نماز جنازہ کے بعد مرکز اہلسنت و الجماعت میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سربراہ اہلسنت و الجماعت مولانا محمد احمد لدھیانوی نے کہا کہ ملک میں امن کے قیام کیلئے بااختیار فورم پر ہر کسی سے ملنے کیلئے تیار ہیں۔ حکومت اور اتحادی جماعتیں دہشت گردی روکنے میں ناکام ہوچکی ہیں،دہشت گردی کے واقعات وزیر داخلہ کے منہ پر طمانچہ ہیں،یکم محرم الحرام کو کراچی سمیت ملک بھر میں جلوس نکالے جائیں گے اور ٹارگٹ کلنگ کیخلاف بھی احتجاج کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ گذشتہ ایک سال میں ہمارے 200کارکنان کے جنازے اٹھ چکے ہیں،سگے بھائیوں سمیت چار چار اور چھ چھ افراد کے جنازے اٹھا چکے ہیں مگر نا پتھرا وکیانا گاڑی جلائی نا مکان نا دکان جلایا،ہم دہشت گردی پر لعنت بھیجتے ہیں،امن و امان کے حوالے سے گورنر سندھ سے بھی ملاقات کروں گا اور اپنے تحفظات سے بھی آگاہ کرونگا،انتظامیہ گرفتار دہشت گردوں کو میڈیا کے سامنے پیش کرے۔ ،ہمارے مساجد اور جلوس کو بھی فول پروف سیکیورٹی فراہم کیا جائے،کارکنان کے صبر کا لبریز ہوگیا تو کارکنان میرے ہاتھ سے نکل جائیں گے جس کی ذمہ داری ہم پر نہیں حکومت پر ہوگی۔
اہلسنت و الجماعت کے کارکن کی نماز جنازہ کے موقع پر علاقے میں کشیدگی رہی،دکانیں اور کاروبار بند رہے اور کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار صورتحال کو کنٹرول کرنے کیلئے پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی تھی۔مقتول کو مقامی قبرستان میں سپردخاک کردیا گیا۔