13 نومبر 2012
وقت اشاعت: 19:1
گورنر سندھ سے مختلف مکاتب فکر کے علماء کی ملاقات
اے آر وائی - اہلسنت اور اہل تشیع علماء کرام نے محرم الحرام کے دوران اخوت و رواداری اور اتحاد کی فضاء قائم رکھنے اور امن و امان یقینی بنانے کے لئے ہر ممکن تعاون کا اظہار کیا ہے۔ دونوں مکاتیب فکر کے علماء نے آج گورنر ہاؤس میں گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العبادخان سے الگ الگ ملاقات کی۔ علماء کرام نے شہر میں جاری صورتحال اور محرام الحرام کے سلسلے میں اقدامات پر گورنر سے بات چیت کی اور صورتحال بہتر رکھنے کے لئے اپنی تجاویز بھی دیں۔
گورنر ڈاکٹر عشرت العباد خان نے علماء کرام کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس تعاون اور اشتراک کے ذریعے ہم دیر پا امن قائم کرنے میں کامیاب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ کشیدگی کو دور کرنے کا واحد ذریعہ گفت و شنید اور باہمی رابطہ ہے انہوں نے فوری کوششوں کے ساتھ سال بھر امن قائم رکھنے کے لئے مستقل کوششوں پر بھی زور دیا ۔
انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں کمیونٹی پولیسنگ اور محلوں کی سطح پر کمیٹیاں تشکیل دے کر جرائم کی روک تھام میں مدد ملے گی۔ گورنرسندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا کہ محرم الحرام کے سلسلے میں منعقد ہونیوالی مجالس و جلوس اور عزاء داری کے پرگرامز کے موقع پر تمام تر حفاظتی انتظامات یقینی بنائے جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ بہتر صورتحال یقینی رکھنے کے لئے فوج بھی اسٹینڈ بائی ہوگی ۔
گورنر سندھ سے ملاقات کرنے والے اہلسنت علماء کرام میں مولانا محمد احمد لدھیانوی، خلیفہ عبدالقیوم، حاجی غلام مصطفےٰ جدون، ڈاکٹر خادم حسین، مولانا اورنگ زیب فاروقی، ڈاکٹر فیاض احمد اور مولانا اللہ وسایا صدیقی شامل تھے۔ اہل تشیع علماء کرام اور نمائندوں میں علامہ عباس کمیلی ، مولانا مرزا یوسف حسین، فرقان حیدر عابدی، شبر رضا، سلمان مجتبیٰ، مولانا باقر حسین زیدی، چاچا وحید، مولانا جعفر سبحانی، مولانا ناظر عباس، مولانا اکرام ترمزی، مولانا حسن ظفر، مولانا صادق رضا نقوی، سید صغیر عابد رضوی اور سید رضی حیدر رضوی شامل تھے۔