تازہ ترین سرخیاں
 شہر شہر کی خبر 
15 نومبر 2012
وقت اشاعت: 13:56

کراچی: فائرنگ اور پر تشدد واقعات میں 8 افراد جاں بحق

اے آر وائی - کراچی میں فائرنگ اور پر تشدد واقعات میں خاتون سمیت آٹھ افراد جاں بحق ہوگئے۔ اسپیشل انوسٹی گیشن یونٹ نے مبینہ ٹارگٹ کلر کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔ پولیس کے مطابق تھانہ منگھو پیر کی حدود غازی گوٹھ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک نوجوان جان کی بازی ہار گیا ۔



بلدیہ ٹاون سعید آباد میں جھگڑے کے دوران فائرنگ سے دو خواتین سمیت تین افراد زخمی ہوئے جن کی شناخت سمیرہ ،طلعت اور وسیم کے ناموں سے ہوئی جنہیں تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا جارہا تھا کہ اسی دوران سمیرہ نے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑدیا۔ بلدیہ ٹاون نو نمبر پر بھی فائرنگ سے ایک خاتون زخمی ہوئی بھینس کالونی سکھن پولیس اسٹیشن کے قریب سے خاتون کی تشدد زدہ لاش برآمد ہوئی۔ نارتھ ناظم آباد بلاک ایچ میں بھی کچرا کنڈی سے تشدد لاش ملی، دونوں لاشوں کی تاحال شناخت نہیں ہوسکی۔



شاہ فیصل ایک نمبر میں فیکٹری کے سیکیورٹی گارڈ سے اتفاقیہ طور پر گولی چلنے سے جہانگیر نامی سیلز مین جاں بحق ہوا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات کی جارہی ہے۔ رات گئے پی آئی بی کالونی مینا بازار کے قریب نامعلوم افراد نے گاڑی پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں تین افراد زخمی ہوگئے جنہیں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں تینوں افراد جاوید ، ضیاء اور تیسرا شخص زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔



اسپیشل انوسٹی گیشن یونٹ نے کورنگی کے علاقے سے مبینہ ٹارگٹ کلر گرفتار کرلیا ایس ایس پی فاروق اعوان کے مطابق ملزم سعید عالم عرف منا بنگالی ٹارگٹ کلنگ کے متعدد مقدمات میں ملوث ہے ملزم کی نشاندہی پر پانچ کلاشنکوف دو پسٹل اور سیکڑوں گولیاں برآمد ہوئی ہیں۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.