16 نومبر 2012
وقت اشاعت: 17:46
کراچی:مختلف علاقوں میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق،دس زخمی
اے آر وائی - کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ سے ایک شخص جان بحق اور پولیس اہلکار سمیت دس افراد زخمی ہوگئے۔ پولیس مقابلے میں ایک ڈاکو ہلاک ہوا۔ اسپیشل انوسٹی گیشن یونٹ نے وکیل پر قاتلانہ حملہ کرنے والے اجرتی قاتل کو گرفتار کرلیا۔
پولیس حکام کے مطابق پرانا گولیمار کےقریب فائرنگ سے عبدالقیوم نامی شخص جان بحق ہوا جبکہ الطاف اور شاہزیب نامی دو افراد زخمی ہوئے۔ کٹی پہاڑی کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے قادر خان زخمی ہوا۔ نیو سبزی منڈی کے قریب نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے پولیس اہلکار آصف سومرو زخمی ہوا۔ النور سوسائٹی، سرجانی ٹاون لیاری اور یونیورسٹی روڈ پر فائرنگ کے مختلف واقعات میں سات افراد زخمی ہوئے۔ بلدیہ ٹاون نمبر نو میں مبینہ پولیس مقابلے میں شدید زخمی ہونے والے فرزند نامی ڈاکو نے زخمو کی تاب نہ لاتے ہوئے اسپتال میں دم توڑ دیا۔
اسپیشل انوسٹی گیشن یونٹ نے پاک کالونی کے علاقے میں کاروائی کرتے ہوئے چند روز قبل ایڈوکیٹ فرحت حسین پر قاتلانہ حملہ کرنے والے اجرتی قاتل سہیل بٹ کو گرفتار کرلیا۔ ایس ایس پی فاروق اعوان کے مطابق ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے۔