19 نومبر 2012
وقت اشاعت: 7:13
کوئٹہ:وزیراعلی کی دی گئی مہلت کاوقت ختم،اسپتال تاحال بند
اے آر وائی - کوئٹہ میں ڈاکٹر سعیدکی عدم بازیابی کے خلاف ڈاکٹرز کی ہڑتال جاری ہے۔ وزیر اعلی کی جانب سےدی گئی چوبیس گھنٹےکی مہلت ختم ہونےکےبعدبھی ڈاکٹروں نےاسپتالوں کارخ نہیں کیا۔شہری طبی سہولتیں نہ ملنے کے باعث دوہرے عذاب کا شکار ہیں۔
کوئٹہ میں چونتیس روز گزر جانے کے بعد بھی ہڑتالی ڈاکٹرز کام پر واپس نہیں آئے، جس کی وجہ سے سرکاری اسپتالوں میں او پی ڈیز اور آپریشن تھیٹر سمیت تمام طبی سہولتیں تاحال معطل ہیں۔
وزیراعلی بلوچستان اسلم رئیسانی نے ڈاکٹروں کوکام پر واپس آنے کے لئے چوبیس گھنٹے کی مہلت دی تھی جو ختم ہوچکی ہے، ہڑتالی ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ ماہر امراض چشم ڈاکٹر سعید کی بازیابی تک وہ کام پر نہیں آئیں گے۔ دوسری جانب ہڑتال کے باعث عوام شدید مشکلات اور ذہنی کوفت کا شکار ہیں۔