20 نومبر 2012
وقت اشاعت: 10:22
لاہور:آتشزدگی کی تین واقعات میں کروڑوں کا نقصان
اے آر وائی - لاہورمیں چند گھنٹوں کے دوران آتشزدگی کے تین واقعات میں لاکھوں روپے کا سامان جل کر خاکستر ہوگیا۔ دو مقامات پر لگی آگ پر قابو پالیا گیا، برانڈرتھ روڈ پر واقع ربڑ کے گودام میں امدادی کاروائیاں تا حال جاری ہیں۔
لاہور کے مختلف علاقوں میں آتشزدگی کے تین واقعات ہوئے، جن میں لاکھوں روپے مالیت کا سامان راکھ کا ڈھیر بن گیا،شیراکورٹ بندر روڈ پر لگی کیمیکل فیکٹری میں آتشزدگی سے فیکٹری کی بالائی منزل کی چھت گر گئی، حکام آگ لگنے کی وجہ شارٹ سرکٹ کو قرار دے رہے ہیں، شہر میں دوسری آگ ڈیفنس فیز آٹھ کی رہائشی عمارت میں لگی،جس پر فائر بریگیئڈ عملے نےفوری قابو پالیا۔
تیسری آگ برانڈرتھ روڈ پر واقع ربڑ کے گودام پر لگی، پانی اور فائر بریگیئڈ کی عدم دستیابی کے باعث آگ پر تا حال قابو نہیں پایا جا سکا، حکام کے مطابق فائر عملہ اور گاڑیاں شیرا کورٹ میں لگی کیمیکل فیکٹری پر آگ بجھانے میں مصروف تھیں جس کے باعث دشواری کا سامنا کرنا پڑرہا ہے، حکام نےامید ظاہر کی ہے کہ آگ پر اگلے چند گھنٹوں میں قابو پالیا جائے گا۔ آتشزدگی کے تینوں واقعات میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔