20 نومبر 2012
وقت اشاعت: 12:11
بلدیاتی نظام سندھ کو تقسیم کرنے کے مترادف ہے،امتیاز شیخ
اے آر وائی - مسلم لیگ فنکشنل کے جنرل سیکریٹری امتیاز احمد شیخ کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ فنکشنل آئندہ انتخابات میں سندھ بھرمیں پیپلزپارٹی کے متبادل کے طور پر سامنے آئیگی۔ کراچی بار کے دورے کے موقع پر وکلاء سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے دور حکومت میں عوام بھوکے مررہے ہیں جبکہ ادارے تباہی کے دھانے پر پہنچ چکے ہیں۔
امتیاز شیخ نے بلدیاتی نظام کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں یہ نظام سندھ کو تقسیم کرنے کے مترادف ہے جس کے باعث عوام اضطراب کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کی صورتحال بہت خراب ہے، قانون کی پاسداری کے بغیر امن قائم نہیں کیا جاسکتا۔ امتیاز احمد شیخ کا مزید کہنا تھا کہ لوئرجوڈیشری میں ریفارم کی اشد ضرورت ہے تاکہ عوام کو سستا اور آسان انصاف مل سکے۔ اس موقع پر کراچی بار کے دیگر وکلاء نے بھی خطاب کیا۔