26 نومبر 2012
وقت اشاعت: 17:36
وزراء کےاستعفے منظور نہ کئے جانا مفاہمتی پالیسی ہے،نثارکھوڑو
اے آر وائی - اسپیکر سندھ اسمبلی نثار احمد کھوڑو نے کہا ہے کہ اتحادی جماعتوں کے وزراء کے استعفے منظور نہ کئے جانا مفاہمتی پالیسی کا تسلسل ہے اور ہم سمجھتے ہیں کہ شاید اتحادی جماعتوں سے مزاکرات کا راستہ نکل آئے۔
سرکٹ ہائوس حیدرآباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ سندھ اسمبلی کے 15 اراکین میں سے 8 اراکین کو اپوزیشن کی نشستیں الاٹ کردی گئی ہیں جبکہ اتحادی جماعتوں کے وزراء کے استعفے منظور نہ ہونے کے باعث انہیں اپوزیشن کی نشستیں الاٹ نہیں کی گئی ہیں، اتحادی جماعتوں کے وزراء پروٹوکول کے ساتھہ تنخواہ بھی لے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سندھ اسمبلی میں ساڑھے چار سال ماحول انتہائی بہتر رہا لیکن کچھہ لوگوں نے ایشو بنانے کی خاطر اسمبلی کے ماحول کو خراب کیا، نازیبا الفاظ استعمال نہ کرکے اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا جاسکتا ہے اور یہی اسمبلی کا حسن ہے۔
نثار احمد کھوڑو کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سیاسی سرگرمیوں پر کوئی پابندی نہیں اور نہ ہی لگائی جائے گی، پرامن احتجاج، ہڑتال اور جلسے کرنا ہر سیاسی جماعت کا حق ہے لیکن منفی سوچ اور زبردستی ہڑتال کرنے والوں کو عوام مسترد کردیں گے۔