27 نومبر 2012
وقت اشاعت: 6:36
کوئٹہ :ڈاکٹرزکی ہڑتال جاری،ایمرجنسی سروسزمعطل
اے آر وائی - کوئٹہ میں ڈاکٹروں کی ہڑتال بدستورجاری اور سرکاری اسپتالوں میں ایمرجنسی سروسز معطل ہیں ،جس کی وجہ سے عوام کی مشکلات ختم نہ ہوسکیں۔
سولہ اکتوبر کو اغواء ہونے والے ماہر امراض چشم ڈاکٹر سعید خان کی بازیابی کے لئے شروع کی جانے والی ڈاکٹروں کی ہڑتال کے باعث جہاں سرکاری ہسپتالوں میں ایمرجنسی سمیت تمام سروسز معطل ہیں وہاں تہتر ڈاکٹروں کی معطلی کے نتیجے میں اب صوبائی حکومت اور مسیحاؤں کے مابین اناء کی جنگ شروع ہوگئی ہے جس کی زد میں غریب شہری ہی آرہے ہیں۔
پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے رہنماؤکہتے ہیں کہ معطلیاں ان کی تحریک کو کمزور نہیں کرسکتیں اگرچہ صوبائی سیکرٹری صحت عصمت اللہ کاکڑ کا کہنا ہے کہ ینگ ڈاکٹرز کو اعتماد میں لے لیاگیا ہے اوروہ سرکاری ہسپتالوں میں جلد خدمات کی انجام دہی شروع کردیں گے ،لیکن پی ایم کا موقف ہے کہ یہ ناممکن ہے۔
محکمہ صحت کے حکام کی درخواست پر محکمہ داخلہ بلوچستان نے سرکاری ہسپتالوں میں ہڑتالی ڈاکٹروں کے داخلے پر پابندی لگادی ہے جبکہ سول ہسپتال کے شعبہ حادثات کو حکومت کی جانب سے پولیس کی بھاری نفری کی موجودگی میں کھلوادیا گیا ہے۔
پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن بلوچستان نے حکومت کی جانب سے اٹھائے جانے والے اقدامات کی مذمت کی ہے پی ایم اے کی کورکمیٹی کے رکن ڈاکٹر سعادت کے مطابق صرف شعبہ حادثات کا دروازہ کھولنے سے سروسز بحال نہیں ہوجاتیں سینئر ڈاکٹرز ہڑتال پر ہیں اور حکومت کی جانب سے ڈاکٹروں کے سرکاری ہسپتالوں میں داخلے پر پابندی کے معاملے پر عدالت سے رجوع کرنے پر غور کررہے ہیں۔