تازہ ترین سرخیاں
 شہر شہر کی خبر 
27 نومبر 2012
وقت اشاعت: 10:25

بلوچستان حکومت کا ڈاکٹروں سے سرکاری گھر خالی کرانے کا فیصلہ

اے آر وائی - بلوچستان حکومت نے ہڑتالی ڈاکٹروں سے سرکاری رہائش گاہیں خالی کروانے کا فیصلہ کرلیا ہے جبکہ پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن نے مطالبات تسلیم ہونے تک حکومت سے مذاکرات نہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔



،ذرائع کے مطابق محکمہ صحت بلوچستان نے تہتر ڈاکٹروں کی معطلی،ڈاکٹروں کے سرکاری ہسپتالوں میں داخلے پر پابندی اور فورسز کی موجودگی میں سول ہسپتال کا شعبہ حادثات کھلوانے کے بعد فیصلہ کیا ہے کہ ہڑتالی ڈاکٹروں سے سرکاری رہائش گاہیں خالی کروائی جائیں اور صوبے میں نئے ڈاکٹرز بھرتی کئے جائیں۔



ادھر پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے مرکزی صدر ڈاکٹر شیرشاہ نے پی ایم کے صوبائی عہدیداروں کے ہمراہ کوئٹہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مغوی ڈاکٹرکی بازیابی اور ڈاکٹروں کے خلاف کئے جانے والے اقدامات واپس لئے جانے تک ڈاکٹرز صوبائی حکومت کے ساتھ مذاکرات نہیں کریں گے۔



انہوں نے کہا کہ تحفظ کی عدم فراہمی کے خلاف احتجاج ڈاکٹرز کا حق تھا جبکہ صوبائی حکومت ڈاکٹروں کو تحفظ فراہم کرنے کی بجائے انتقامی کارروائیوں پر اترآئی ہے انہوں نے صدر مملکت آصف علی زرداری سے اپیل کی کہ وہ بلوچستان میں ڈاکٹروں کے خلاف اقدامات کا نوٹس لیں ،پی ایم اے کے صوبائی صدر ڈاکٹر سلطان ترین نے مطالبہ کیا کہ ڈاکٹروں پر پولیس تشدد اور صوبائی حکومت کے اقدامات کی جوڈیشل انکوائری کروائی جائے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.