30 نومبر 2012
وقت اشاعت: 9:38
میٹرو بس پراجیکٹ کیلئے فول پروف سیکورٹی پلان مرتب ہو گا
اے آر وائی - وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے کہا ہے کہ میٹرو بس پراجیکٹ کیلئے فول پروف سیکورٹی پلان مرتب کیا جائے گا، روٹ پر جدید سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے جائیں گے۔ لاہورمیں میٹرو بس پراجیکٹ کے سیکورٹی انتظامات سے متعلق اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ میٹرو بس سروس عوامی اثاثہ ہے اس کی ہر ممکن حفاظت کریں گے۔
مرکزی کنٹرول روم بنے گا جہاں سے روٹ پر ہونے والی ہر سرگرمی پرنظر رکھی جاسکے گی۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر ویلیویٹڈ سیکشن پر ریسکیو 1122 سینٹر بنانے کا جائزہ لینے کی بھی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ کی زیرصدارت شعبہ صحت کے مختلف منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے لئے بھی اجلاس ہوا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ صحت کے شعبے کی بہتری اور عوام کو جدید طبی سہولیات کی فراہمی پر اربوں روپے صرف کئے جارہے ہیں۔ راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی اور بہاولپور میں 410بستروں پر مشتمل اسپتال جنوری میں مکمل طورپر فنکشنل ہوجائیں گے۔ بہاولپور کے اسپتال سے علاقے کے لوگوں کے علاوہ سندھ اور بلوچستان کے مریضوں کو بھی علاج معالجے کی سہولیات میسر آئیں گی۔