1 دسمبر 2012
وقت اشاعت: 8:7
کوئٹہ:ڈاکٹرزکی ہڑتال جاری،نرسوں نے بھی کام چھوڑدیا
اے آر وائی - بلوچستان بھر میں ڈیڑھ ماہ سے ڈاکٹرز کی ہڑتال جاری جس سے مریضوں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ لیڈی ڈفرن اسپتال سے نومولود کے غائب ہونے پردو نرسوں کو گرفتار کیاگیا جس پرنرسوں نے بھی کام چھوڑ دیا۔
بلوچستان کے سرکاری اسپتال ویران پڑے ہیں۔ ڈاکٹر سعیدکی بازیابی اور ڈیڑھ ماہ کا عرصہ گزر جانے کے باوجود ڈاکٹرز کو مریضوں پر ترس نہیں آیا۔ ہڑتالی ڈاکٹرزکےخلاف حکومتی اقدامات بھی کارگرثابت نہیں ہوسکے۔ اسپتال بند ہونے سے غریب مریض علاج معالجے کے در در کی ٹھوکریں کھانے اور مہنگا علاج کرانے پر مجبور ہیں۔
دوسری طرف جمعےکے روز کوئٹہ کے لیڈی ڈفرن اسپتال سے نومولود بچہ تاحال لاپتہ ہے۔ پولیس نے دو اسٹاف نرسوں کو تحویل میں لے لیا۔ جس کے خلاف نرسوں نے بھی ہڑتال شروع کردی۔ نرسوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا اور مطالبہ کیا کہ گرفتار نرسوں کو رہا اور انہیں سیکورٹی فراہم کی جائے۔