3 دسمبر 2012
وقت اشاعت: 5:12
شجاع آباد: باپ نے اپنے ہی 3 بچوں کو زہر دے دیا
اے آر وائی - شجاع آباد میں منشیات کے عادی باپ نے گھریلو ناچاکی پر اپنے 3بچوں کو زہریلی گولیاں کھلادیں ۔بچوں کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ نواحی علاقہ ساندھی والا کے رہائشی صابر حسین کی بیوی عظیم مائی شوہر کی نشے کی عادت کی وجہ سے ناراض ہو کر اپنے والدین کے گھر چلی گئی تھی ۔
صابر حسین عظیم مائی کو منانے کے لیے اپنی سسرال گیا اور عظیم مائی کو منانے کی کوشش کرتا رہا ۔نہ ماننے پر بچوں کو قتل کرنے کی دھمکی دیتا ہوا واپس اپنے گھر گیا اور 9سالہ شعیب،6سالہ مہرین ،اور 3سالہ راشد کو زہریلی گولیاں کھلا دیں۔
عظیم مائی شوہر کے پیچھے گھر گئی تو بچوں کو تڑپتا دیکھ کر اہل محلہ کی مدد سے تینوں بچوں کو تشویشناک حالت میں نجی اسپتال میں منتقل کر دیا گیا جہاں تینوں بچوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے
عظیم مائی کے مطابق اس کے شوہر صابر حسین کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس کے مطابق صابر حسین کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔تا حال مقدمہ درج نہیں ہوا ہے۔