4 دسمبر 2012
وقت اشاعت: 11:29
کراچی:رینجرزکا سرچ آپریشن،فائرنگ اورتشدد میں3ہلاک
اے آر وائی - کراچی کے علاقے ماڑی پور، مچھر کالونی میں رینجرز نے سرچ آ پریشن کر کے اہم ملزمان سمیت دس مشتبہ افراد کوگرفتار کر لیا جبکہ فائرنگ اور تشدد کے مختلف واقعات میں تین افراد جاں بحق ہو ئے۔
ذرائع کے مطابق ماڑی پور اور مچھرکالونی میں سنگین جرائم کی وارداتوں میں ملوث ملزمان کی موجودگی کی خفیہ اطلاع ملنے پر رینجرز نے سرچ آ پریشن کیا۔
علاقے میں سرچ آپریشن کے دوران علاقے کے داخلی اور خارجی راستوں کو بند کر کے رینجرز کے اہلکاروں نے گھر گھر تلاشی کے دوران سنگین وارداتوں میں ملوث چار اہم ملزمان سمیت دس مشتبہ افرا د کو حراست میں لے کر اسلحہ اور منشیات برآمد کرلی۔ آپریشن تین گھنٹے تک جاری رہا جبکہ گرفتار شدگا ن کو تفتیش کیلئے نامعلوم منتقل کردیا گیاہے۔
فائرنگ اور تشدد کے مختلف واقعات میں چار افراد جاں بحق ہو گئے۔ پولیس کے مطابق بنارس پل کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوا۔گرومندر کے قریب بھی نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے صدیق نامی شخص کو شدید زخمی کردیا گیا۔
ناظم آباد نمبر دو میں بھی مسلح افراد فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے جس کے نتیجے میں ریحان نامی شخص جان کی بازی ہار گیا۔گلشن معمار میں چھریوں کے وار سے نوجوان جاں بحق ہوا۔لانڈھی ایک نمبر میں بھی فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوا۔