1 جون 2011
وقت اشاعت: 11:46
شاہ رخ خان چارلس سوبھراج کا کردار ادا کریں گے
اے آر وائی - ممبئی : بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان بدنام زمانہ قاتل چارلس سوبھراج کا کردار ادا کریں گے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق فرانسیسی فلم ساز ایلن آندرے بدنام زمانہ قاتل چارلس سوبھراج پر فلم بنانے کے خواہاں ہیں جس کیلئے وہ شاہ رخ خان کو مرکزی کردار کے طور پر کاسٹ کرنے کے خواہشمند ہیں ۔
فرانسیسی فلم ساز ایلن آندرے جنہیں چارلس سوبھراج نے اپنی سوانح عمری پر فلم بنانے کیلئے خصوصی حقوق دیئے ہیں، نے اس حوالے سے یقین کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں شاہ رخ خان کی ضرورت ہے اور اس کردار کیلئے بال وڈ کنگ سے زیادہ مناسب دوسرا کوئی اداکار نہیں ہوسکتا تاہم اس حوالے سے شاہ رخ خان نے کوئی جواب نہیں دیا۔
رپورٹ کے مطابق دہلی کی تہاڑ جیل سے رہائی کے وقت چارلس سوبھراج کی اہلیہ چنتل نے آندرے سے اس پر فلم بنانے کی خواہش کا اظہارکیا تھا تاکہ وہ مشہور ہو اور اپنی داستان ناول میں پڑھ سکے۔ ایلن آندرے کو فلم کی تیاری کیلئے اب ایک ساتھ پروڈیوسر کی ضرورت ہے اور فلم کی ابتداء وہیں سے کی جائے گی جہاں چارلس سوبھراج نے اپنی زندگی کے کئی برس گزارے ۔
چارلس سوبھراج کے وکیل آئی سی پیری نے میڈیا کوبتایا کہ چارلس سوبھراج کی سوانح عمری پر بننے والی فلم کے سکرپٹ کے حوالے سے ایلن آندرے کو ہدایات جاری کردی ہیں اور کوئی چیزمشاورت کے بغیرفلم میں شامل نہیں کی جائے گی جبکہ فلم میں چارلس سوبھراج کوبھی قاتل کے روپ میں نہیں دکھایا جائے گا۔