تازہ ترین سرخیاں
 شوبز 
25 فروری 2011
وقت اشاعت: 11:21

لیڈی ڈیاناکی تیر ہویں برسی

اردو ٹائمز - برطانوی شہزادی لیڈی ڈیانا کی تیرہویں برسی آج منائی جارہی ہے۔ شہزادی پیکر ڈیانا کی زندگی خوشیوں اور غم کا ملاپ تھی۔وہ مسکرائی تو ہزاروں چہرے کھل اٹھے۔ وہ روئی تو آنسووں کا سیلاب رواں ہوگیا۔کون جانتا تھا کہ انیس سو اکسٹھ میں برطانیہ کے قدامت پسند نظام میں پیدا ہونے والی ڈیانا فرانسس اسپینسر دنیا کی معروف اور مقبول ترین شخصیت بن جائے گی۔ ڈیانا کی شہرت کا سورج برطانوی شہزادہ چارلس سے منگنی کے بعد طلوع ہوا۔ وہ جہاں گئی کیمرے نے اس کا تعاقب کیا۔ اس کی ہر مسکراہٹ، ہر ادا نے لوگوں کو مسحور کیا۔ پریوں کی شہزادی کی داستان بھی پری جیسی ہی تھی۔ منگنی اور شادی سےشاہی سفر کا آغاز ہوا تو لوگوں نے اسے خوشی کے سفر سے ہی تعبیر کیا۔ دو بیٹوں کی ولادت ہوئی اور وہ تخت و تاج کو مستقبل کے بادشاہ دینے میں کامیاب بھی ہوگئی۔بظاہر سب صحیح لگ رہا تھا لیکن سب ٹھیک نہیں تھا۔ شہزادی ڈیانا ازدواجی زندگی کو کامیابی سے ہمکنار نہ کر پائی۔ پہلے تو شہزادہ چارلس کی بے وفائی نے ڈیانا کا دل توڑا اور پھر ڈیانا نے خود بے وفائی کر ڈالی۔ ڈیانا اور چارلس کی زندگی میں کمیلا پارکر، جیمز گبلی، جیمز ہیوئیٹ اور لیگی بورک جیسے رقابت دار آئے۔ لیڈی ڈیانا نے خود کو فلاحی سرگرمیوں میں مصروف کر لیا۔ کبھی بارودی سرنگوں کا معاملہ اٹھایا تو کھبی ایڈز پر لب کشائی کی۔ شہزادی سب کا دکھ درد سمجھتی تھی۔ڈیانا کی زندگی کی طرح موت بھی میڈیا کیلئے سب سے بڑی خبر بن گئی۔اکتیس اگست انیس سو ستانوے کو ڈیانا، پیرس کے ہوٹل سے دوست دودی الفائد کے ساتھ روانہ ہوئی تو ایک مرتبہ پھر میڈیا کی زد میں تھی۔ سفر شروع تو ہوا لیکن ڈیانا منزل کو نہ پہنچ سکی۔ گاڑی حادثہ کا شکار ہوئی یا کر دی گئی۔ حادثے میں نہ شہزادی جانبر ہوسکی اور نہ دودی الفائد۔ پریوں کی شہزادی کی یہ داستان اپنے پیچھے کئی سوال چھوڑ گئی جن کے جواب کا آج بھی انتظار ہے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.