21 ستمبر 2014
وقت اشاعت: 13:33
رانی مکھرجی نے’’ایمبولینس کو راستہ دو‘‘ مہم کا آغاز کردیا
جیو نیوز - ممبئی.......بالی وڈ اداکارہ رانی مکھرجی نے ’’ایمبولینس کو راستہ دو‘‘ کے عنوان سے سماجی شعور اجاگر کرنے کی مہم کا آغاز کردیا۔دنیا بھر میں مریضوں کو بروقت اسپتال پہنچا نے کے لیے ایمبو لینس کو راستہ دینا عام بات ہے۔ یورپ ، امریکا برطانیہ سمیت کئی ملکوں میں اس قانون پر سختی سے عمل کیا جاتا ہے، یہاں تک کہ سگنل اگر بند ہوںتو ایمبولینس کو راستہ دینے کے لیے شہری سگنل توڑ دیتے ہیں۔اگر بات کی جائے جنوبی ایشیا کی تو یہاں شہری اس قانون کی زیادہ پروا نہیں کرتے۔جگہ جگہ ٹریفک جام اور ان میں پھنسی ایمبولینسوں سے جانے کتنی زندگیوں کے چراغ گُل ہوجاتے ہیں ۔اس مسئلے کی طرف توجہ دلانے کے لیے کے رانی مکھر جی، ایمبولینس کو راستہ دینے کی مہم میں شامل ہوگئی ہیں۔رانی کا کہنا تھا کہ لوگوں کو یہ سمجھنا چاہیے کہ ایمبولنس کو راستہ دینا کتنا اہم ہے اور اس سے بہت سی زندگیاں بچائی جاسکتی ہیں۔