19 دسمبر 2014
وقت اشاعت: 6:7
ممبئی میں بھارتی اداکارہ گوہر خان کو نوجوان نے تھپڑ مار دیا
جیو نیوز - ممبئی.........بھارت کی معروف اداکارہ اور ماڈل گوہر خان کو ایک نوجوان نے تھپڑ ماردیا۔ نوجوان کو گوہر خان کے لباس پر اعتراض تھا۔ ممبئی کے فلم سٹی اسٹوڈیو میں ایک میوزک رئیلٹی شو کے گرانڈ فنالے کی شوٹنگ جاری تھی جس میں معروف اداکارہ و ماڈل گوہر خان پروگرام کے جج کے فرائض انجام دے رہی تھیں۔ شوٹنگ میں وقفے کے دوران حاضرین میں سے ایک نوجوان اسٹیج پر چڑھا اور گوہر خان کو تھپڑ جڑ دیا۔ نوجوان نے گوہر خان سے کہا کہ انہیں مختصر لباس نہیں پہننا چاہیے اور بے ہودہ رقص نہیں کرنا چاہیے۔ اچانک حملے نے گوہر خان کو ششدر کردیا اور وہ پھوٹ پھوٹ کر رودیں۔ سیکیورٹی والے فوراً گوہر خان کی مدد کو دوڑے اور تھپڑ مارنے والے 24سالہ نوجوان عقیل ملک کو پکڑ لیا، جسے بعد میں پولیس کے حوالے کردیا گیا۔ واقعے کے بعد ایک گھنٹے تک شوٹنگ ملتوی رہی۔ گوہر خان کے حواس بحال ہونے کے بعد رئیلٹی شو کی شوٹنگ مکمل کی گئی۔